وفاقی وزیر نے نئے صوبوں کے قیام کا مطالبہ دہرادیا

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے ایک بار پھر ملک میں پاکستان میں نئے صوبوں کا قیام کرنے کا مطالبہ دہرادیا۔ فیصل آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ اور پنجاب میں الگ الگ تین تین صوبے بنائے جائیں تاکہ عوام کو بہتر انتظام اور سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ سندھ کے نئے صوبوں کے نام وسطی سندھ، جنوبی سندھ اور شمالی سندھ تجویز کیے گئے ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بھی تین تین چھوٹے صوبے بنائے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے صوبے بننے سے انتظامی کنٹرول مضبوط ہوگا اور حکومت اپنے عوامی منصوبوں کو بہتر طریقے سے نافذ کر سکے گی۔
عبدالعلیم خان نے یہ بھی کہا کہ ہمارے تمام پڑوسی ممالک میں چھوٹے صوبے ہیں اور ان سے انتظام بہتر رہتا ہے۔ انہوں نے صوبوں کے وزرائے اعلیٰ سے اپیل کی کہ وہ اس تقسیم کے لیے تعاون کریں تاکہ یہ منصوبہ کامیاب ہو۔
مزید پڑھیں: وزیر اعظم شہباز شریف کا خیبر پختونخوا میں کامیاب انسداد دہشت گردی آپریشنز پر فورسز کو خراج تحسین
اپنے خطاب میں وفاقی وزیر نے پاکستان کی فوج کی بھی تعریف کی اور کہا کہ سپہ سالار کی قیادت میں فوج نے بھارت کو عبرت ناک شکست دی۔ انہوں نے استحکام پاکستان پارٹی کی فوج کے ساتھ وابستگی کا اعادہ کیا اور کہا کہ جو فوج کا ساتھ دے گا، اس کا ساتھ دیں گے۔
آخر میں عبدالعلیم خان نے واضح کیا کہ پاکستان میں نئے صوبوں کا قیام عوام کے لیے مفید ہوگا اور انتظامی امور میں بہتری لائے گا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر غلط معلومات پھیلانے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی وارننگ دی۔











